کویت اردو نیوز،19ستمبر: ورجن اٹلانٹک کا طیارہ خطرناک حادثے سے بال بال بچ گیا، طیارے نے لندن سے لاس اینجلس کے لیے اڑان بھری تھی، تاہم ہنگامی صورتحال کے باعث واپس ہیتھرو ائیرپورٹ پر لینڈ گیا۔
ایوی ایشن ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مقامی وقت کے مطابق ورجن اٹلانٹک کی پرواز وی ایس 23 شام 6 بجکر 7 منٹ پر لندن کے ہیتھرو انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے امریکا کے لاس اینجلس ائیرپورٹ کے لیے روانہ ہوئی۔
ٹیک آف کے نصف گھنٹے بعد تک بوئنگ 787 ڈریم لائنر طیارہ برطانیہ کی فضائی حدود میں ہی تھا کہ طیارے میں فنی خرابی کی اطلاع دی گئی۔
طیارے سے فلائٹ ریڈار کو بھی ایمرجنسی کے سگنل موصول ہوئے۔ اڑان بھرنے کے تقریباً سوا گھنٹے بعد برطانوی ائیرلائن کا طیارہ واپس ہیتھرو انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر اتار لیا گیا۔
اس سے قبل قطر سے اسلام آباد کے لئے روانہ ہونے والی قطر ایئر ویز کی پرواز خطرناک حادثے سے بال بال بچ گئی تھی، ہنگامی لینڈنگ کے بعد پرواز کو واپس دوحہ اتار لیا گیا تھا۔