کویت اردو نیوز،22ستمبر: سنگاپور کا مصروف چانگی ائیرپورٹ اگلے سال اپنے مسافروں کیلئے پاسپورٹ فری سہولت متعارف کرائے گا۔
اس سہولت کے تحت سنگاپور کے چانگی ائیرپورٹ کو پاسپورٹ فری ائیرپورٹ بنانے کی تیاری کی جارہی ہے۔
سنگاپور چانگی ائیرپورٹ بھی جلد خودکار امیگریشن کلیئرنس کو متعارف کروانے والا ہے، جس سے مسافر صرف بائیو میٹرک ڈیٹا کا استعمال کرتے ہوئے پاسپورٹ کے بغیر بیرون ملک جاسکتے ہیں۔
اس اقدام سے سنگاپور چند ان ممالک میں شامل ہوجائے گا جہاں خود کار اور پاسپورٹ فری امیگریشن کلیئرنس متعارف کرائی گئی ہے۔
اس بات کا اعلان وزیر مواصلات جوزفین ٹیو نے پیر کو ہونے والے پارلیمنٹ اجلاس کے دوران کیا، جس دوران ملک کے امیگریشن ایکٹ میں کئی تبدیلیاں منظور کی گئیں۔
وزیر مواصلات کے مطابق چانگی ائیرپورٹ پر امیگریشن چیک پوائنٹ پر پہلے سے ہی کسی حد تک بائیومیٹرک ٹیکنالوجی، چہرے کی شناخت کے سافٹ ویئر کا استعمال کیا جارہا ہے، تاہم نئی تبدیلیوں کے بعد مسافروں کو بار بار اپنے سفری دستاویزات بھی نہیں دکھانے پڑیں گے۔
وزیر مواصلات نے یہ بھی واضح کیا کہ چانگی ائیرپورٹ پر تو نہیں لیکن دوسرے ممالک میں پاسپورٹ کی ضرورت ہوگی جس کیلئے مسافروں کو پاسپورٹ کا رکھنا ضروری ہے۔
دبئی بھی ان ممالک میں شامل ہے جہاں مسافروں کے پاسپورٹ کے بجائے چہرے کی شناخت اور فنگر پرینٹس سے تصدیق کی جاتی ہے، اس کے علاوہ ہانگ کانگ میں بھی چہرے کی شناخت کا سسٹم موجود ہے جبکہ ٹوکیو، لندن سمیت دہلی بھی ان ہی اسمارٹ ٹیکنالوجی کے استعمال میں شامل ہے۔