کویت اردو نیوز ، 27 ستمبر: عراق کے صوبہ نینواہ کے ضلع ہمدانیہ میں شادی کی ایک تقریب کے دوران آگ بھڑک اٹھنے سے 100 سے زائد افراد جاں بحق جب کہ 150 افراد زخمی ہو گئے ہیں ۔
نینواہ کے ڈپٹی گورنر حسن العلق کے مطابق 113 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے جب کہ عراق کے سرکاری میڈیا نے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد کم از کم 1 سو بتائی ہے جب کہ 150 افراد زخمی ہیں۔
سرکاری میڈیا رپورٹس کے مطابق عراقی وزارت شہری دفاع کے مطابق حادثے کی ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ آگ آتش بازی کے سامان سے لگی تھی ، عراقی وزارت شہری دفاع نے کہا ہے کہ حادثے سے متعلق مزید تحقیقات فی الحال جاری ہیں ۔
سرکاری میڈیا رپورٹس کے مطابق ہمدانیہ میں شادی کی تقریب میں آتشزدگی کے وقت 1000 سے زائد افراد موجود تھے۔
جائے حادثہ پر امدادی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں جبکہ زخمیوں کو فوری طبی امداد کیلئے مقامی اسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے ، بدقسمتی سے حادثے میں مزید ہلاکتوں کاخدشہ ظاہرکیاجارہاہے ۔