کویت اردو نیوز ، 11 اکتوبر 2023: عمرہ زائرین کی جانب سے کروڑوں روپے مالیت کے آئی فونز اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی گئی۔
پاکستان کسٹمز نے عمرہ زائرین کی جانب سے آئی فون کی اسمگلنگ کی اطلاعات پر جناح ٹرمینل کراچی پر کارروائی کی، جس میں ایمریٹس ایئر کی پرواز کے ذریعے آنے والے مشتبہ عمرہ گروپ کے ارکان سے 51 قیمتی آئی فون برآمد ہوئے۔
برآمد شدہ آئی فونز میں 25 عدد 15 پرو میکس، 12 عدد14 پرو میکس، 14 عدد 11، 12 پرو میکس شامل ہیں۔ سمگل شدہ آئی فونز کی مالیت 2 کروڑ 74 لاکھ روپے بتائی جاتی ہے۔ ڈیوٹی ٹیکس کی مد میں 88 لاکھ روپے سمگلنگ کے ذریعے چوری کیے جا رہے تھے۔
حکام کے مطابق سمگلر ایئرپورٹ آمد پر عمرہ زائرین کے لیے تیز رفتار سروس کی سہولت سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے تھے۔ آپریشن میں زائرین کے سامان سے آئی فونز کے خالی ڈبے جبکہ پہنے ہوئے کپڑوں سے آئی فونز برآمد ہوئے ہیں۔
منظم گروپ زائرین کو سستے ٹکٹوں اور پیسوں کے لالچ میں ایک سے 10 آئی فون لانے کی ترغیب دیتے ہیں۔ پاکستان کسٹمز حکام نے 3 افراد کو گرفتار کر کے مجاز عدالت سے ریمانڈ حاصل کر لیا۔