کویت اردو نیوز ، 11 اکتوبر 2023: غزہ پر اسرائیلی بمباری کا سلسلہ مسلسل جاری ، جب کہ حماس نے بھی اسرائیلی بستیوں پر نئے میزائل داغے ہیں ۔
اسرائیلی میڈیا نے اعلان کیا کہ غزہ سے نئے میزائل حملوں کے بعد عسقلان میں ایک عمارت کو نشانہ بنایا گیا ہے، جب کہ حماس نے تصدیق کی ہے کہ اس نے غزہ سے شہریوں کی نقل مکانی کے جواب میں عسقلان کے خلاف ایک بڑا میزائل حملہ کیا ہے۔
ٹائمز آف اسرائیل اخبار کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فضائیہ نے کہا ہےکہ وہ غزہ پر "غیر معمولی پیمانے پر” بمباری کر رہی ہے۔ عینی شاہدین نے بھی اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ شہر کے مغرب میں بندرگاہ کے علاقے میں کئی اہداف پر بمباری کی ہے ۔
اسرائیلی جنگی طیاروں نے غزہ شہر میں "اسلامی یونیورسٹی” پر بمباری کی، اسرائیلی حملے کے بعد غزہ کی اسلامی یونیورسٹی کو شدید نقصان پہنچا۔
دوسری جانب، ٹائمز آف اسرائیل اخبار نے اطلاع دی ہے کہ غزہ کی پٹی سے جنوبی اسرائیل میں راکٹ داغے گئے، جوگھنٹوں تک وقفے وقفے سے جاری رہے ۔
اسرائیلی فوج کے مطابق حماس کے ساتھ کشیدگی کے آغاز سے اب تک 169 اسرائیلی فوجی مارے جا چکے ہیں۔ فوج کے ترجمان ڈینیل ہگاری نے صحافیوں کو بتایا، "آج صبح ہم نے 169 اسرائیلی فوجیوں کے اہل خانہ کو ان کی ہلاکت کی اطلاع دی،” جب کہ حماس کے ارکان کے ہاتھوں یرغمال بنائے گئے 60 افراد کے اہل خانہ سے رابطہ بھی کیاگیا ہے ۔
اس سے قبل اسرائیلی فوج کے ترجمان نے تصدیق کی تھی کہ حماس کی جانب سے غزہ کی پٹی کی بستیوں اور اسرائیلی شہروں پر شروع کیے گئے حملے میں 1,200 افراد ہلاک اور 2,700 زخمی ہوئے ہیں ، انہوں نے مزید کہا کہ حماس نے درجنوں قیدیوں کو قید کر رکھا ہے، جن میں "امریکہ، برطانیہ، اٹلی اور ارجنٹائن سمیت کئی ممالک کی دوہری شہریت والے بھی شامل ہیں۔”
دوسری جانب غزہ میں فلسطینی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ اسرائیلی بمباری سے مرنے والوں کی تعداد 1,055 ہو گئی ہے، تقریباً 5,184 زخمی ہیں، جن میں سے زیادہ تر غزہ میں ہیں۔