کویت اردو نیوز ، 15 اکتوبر 2023: معروف گلوکار اور سماجی کارکن شہزاد رائے نے اسرائیلی مظالم کا نشانہ بننے والے معصوم فلسطینی بچوں سے اظہار یکجہتی کے لیے گانا جاری کردیا۔
شہزاد رائے نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ X (سابقہ ٹویٹر) پر اپنے گانے کی ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ سفاک اسرائیلی فوج کس طرح معصوم فلسطینی بچوں کو بمباری کے ذریعے قتل کر رہی ہے۔
گلوکار کے گانے کا نام ‘حقیقت سے مخوز’ ہے جس کی ہدایات فیصل قریشی نے دی ہیں جبکہ ویڈیو فلسطین کی موجودہ صورتحال پر مبنی ہے۔
ایکس پر ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے شہزاد رائے نے کہا کہ یہ ویڈیو غزہ کی صورتحال کے بارے میں آگاہی پیدا کرے گی، خاص طور پر ان معصوم بچوں کے بارے میں جو اس جنگ میں اپنی جانیں گنوا رہے ہیں۔
شہزاد رائے کا مزید کہنا تھا کہ ‘فلسطین گزشتہ کئی دہائیوں سے ظلم و جبر کا شکار ہے اور وہاں کے معصوم بچوں پر جنگ کا گہرا اثر پڑ رہا ہے’۔
https://x.com/ShehzadRoy/status/1712159530342056240?s=20
واضح رہے کہ غزہ کے رہائشی علاقوں پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری سے 8 ہزار 714 فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں ، شہید اور زخمی ہونے والوں میں بڑی تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔
دوسری جانب اسرائیل کے خلاف حماس کے الاقصیٰ طوفانی آپریشن میں 13 سو سے زائد اسرائیلی ہلاک اور سیکڑوں یرغمال بنائے گئے ہیں۔