کویت اردو نیوز ، 18 اکتوبر 2023 : سعودی عرب نے غزہ میں الاہلی اسپتال پر اسرائیلی قابض فوج کی بمباری کو ایک گھناؤنا جرم قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔ سعودی عرب کے علاوہ ترکی، عمان، قطر اور مصر اور دیگر ممالک نے بھی اس انسانیت سوز حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ اسرائیلی فوج نے حملے کرکے خواتین اور بچوں سمیت سینکڑوں نہتے فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے۔
جاری بیان میں سعودی عرب اس وحشیانہ حملے کو دوٹوک الفاظ میں مسترد کرتا ہے۔ یہ حملہ بین الاقوامی انسانی قوانین سمیت تمام بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی صریح خلاف ورزی ہے۔ متعدد بین الاقوامی اپیلوں کے باوجود اسرائیل شہریوں کو مسلسل حملوں کا نشانہ بنا رہا ہے جو کہ قابل مذمت ہے۔
سعودی عرب نے کہا کہ یہ خطرناک پیش رفت بین الاقوامی برادری کو بین الاقوامی انسانی قانون کے اطلاق میں دوہرا معیار ترک کرنے پر مجبور کرتی ہے۔
سعودی عرب نے غزہ میں پھنسے شہریوں تک خوراک اور ادویات پہنچانے کے لیے سعودی عرب اور تنظیموں کی جانب سے شروع کی گئی اپیلوں کے جواب میں ایک محفوظ راہداری کو فوری طور پر کھولنے کا مطالبہ بھی کیا۔
اسرائیل کی وحشیانہ کارروائی پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اردن کے شاہ عبداللہ دوم نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ ایک خطرناک مرحلے میں داخل ہو چکی ہے جو خطے میں تباہی کا باعث بنے گی۔
شاہی عدالت کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شاہ عبداللہ نے مزید کہا کہ عالمی برادری کو خونریزی روکنا ہوگی۔ یہ حملہ انسانیت کی توہین ہے۔
فلسطینی صدر کے ترجمان نے اسپتال پر اسرائیلی فوج کی بمباری کو نسل کشی کا جرم اور انسانی تباہی قرار دیا۔
خلیجی ریاستوں نے بم حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ متحدہ عرب امارات اور روس نے اسپتال میں ہونے والے بم حملے کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا۔ متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ نے اسپتال پر اسرائیلی حملے کی مذمت کی اور اتنے بڑے جانی نقصان پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔ منامہ میں بحرین کی وزارت خارجہ نے متاثرین کے اہل خانہ اور عزیزوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
سلطنت عمان نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی قابض فوج نے غزہ شہر کے ایک ہسپتال پر بمباری کی صورت میں جو کچھ کیا وہ جنگی جرم اور نسل کشی کی نمائندگی کرتا ہے۔
دوحہ میں قطری وزارت خارجہ نے اسپتال پر اسرائیلی بمباری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ وحشیانہ قتل عام ناانصافی ہے۔
خلیج تعاون کونسل نے بھی ہسپتال پر وحشیانہ بمباری کی مذمت کی اور کہا کہ جو کچھ کیا گیا وہ اسرائیلی افواج کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا واضح ثبوت ہے۔
پاکستان کےدفترخارجہ کیجانب سے جاری ایک بیان میں اسرائیل کی جانب سےہسپتال پرحملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ نہتےعوام اور اسپتالوں کونشانہ بناناعالمی قوانین کیخلاف ورزی ہے۔