کویت اردو نیوز ، 29 اکتوبر 2023: بھارتی ریاست کیرالہ کے ایک عیسائی کنونشن سینٹر میں دعائیہ تقریب جاری تھی کہ اس دوران وقفے وقفے سے ہونے والے 3 دھماکوں میں 40 افراد بری طرح جھلس گئے جن میں سے 2 کی موت ہو گئی اور مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کیرالہ میں کوچی سے 10 کلومیٹر دور واقع کنونشن سینٹر میں دھماکوں کے وقت 2 ہزار سے زائد افراد موجود تھے۔ تقریب شروع ہوتے ہی ایک زوردار دھماکہ ہوا جس کے بعد دو اور دھماکے ہوئے۔
دھماکوں کے باعث کنونشن سینٹر آگ کے شعلوں اور دھویں کے بادلوں کی لپیٹ میں آگیا۔ تقریب میں بھگدڑ مچ گئی اور درجنوں افراد پیروں تلے روند گئے۔ شدید جھلسنے اور دم گھٹنے سے کئی لوگ بے ہوش ہوگئے۔
40 زخمیوں کو قریبی اسپتال لایا گیا جن میں سے ایک کی موت ہو گئی جبکہ ایک نے دوران علاج دم توڑ دیا۔ 10 سے زائد افراد 50 فیصد سے زیادہ جھلس گئے۔ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی نوعیت اور وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔ ایک ٹفن ملا ہے جس میں دھماکا خیز مواد ہونے کا شبہ ہے تاہم اس کی تصدیق کی جا رہی ہے۔
دعائیہ تقریب کے منتظمین کا کہنا ہے کہ تقریب میں کسی بھی قسم کی ہنگامی صورت حال کی صورت میں شرکاء کے انخلا کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، اس لیے جانی نقصان تو کم ہوا تاہم دھویں کے باعث لوگوں کی حالت تشویشناک ہوگئی۔