کویت اردو نیوز : کراچی (پاکستان) نارتھ ناظم آباد میں فاروق اعظم مسجد کے قریب کچراکنڈی سے 3 نومولود بچوں کی لاشیں ملی ہیں جنہیں شیشے کی بوتلوں سے بند کیا گیا تھا۔
اس حوالے سے ایس ایچ او شارع نور جہاں قمر کیانی نے بتایا کہ نارتھ ناظم آباد بلاک کے فاروق اعظم مسجد کے قریب کچرے کے ڈھیر سے 3 نوزائیدہ بچوں کی لاشیں ملنے کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی اور لاشیں شیشے کی 3 بوتلوں میں برآمد کرلیں۔ بوتلوں کو قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال لے جایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق لاشیں کیمیکل میں محفوظ کی گئی ہیں تاہم ایم ایل او کی رپورٹ آنے کے بعد ہی حتمی طور پر کچھ کہا جا سکے گا۔
پولیس کے مطابق اس سلسلے میں حکومت کی شکایت پر مقدمہ درج کیا جا رہا ہے اور وقوعہ کے قریب کلوز سرکٹ کیمروں کی بھی تلاش کی جا رہی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ 3 نومولود بچوں کی لاشیں بوتلوں میں ڈال کر کون فرار ہوا۔