کویت اردو نیوز : سعودی عرب کی وزارت سرمایہ کاری اور خارجہ امور نے بزنس وزٹ ویزہ (وزیٹر انویسٹر) کو الیکٹرانک طور پر جاری کرنے کے لیے سروس کے دوسرے مرحلے کا آغاز کر دیا ہے۔
بیرون ملک سے سرمایہ کاروں کو معیاری خدمات کی فراہمی سعودی ویژن 2030ء کے تحت سرمایہ کاری کو راغب کرنے کی سعودی کوششوں کا حصہ ہے۔
سعودی ولی عہد کی جانب سے متعارف کرائے گئے ویژن 2030 کا مقصد دنیا بھر سے سرمایہ کاروں کے مزید طبقات کو سعودی عرب کی طرف راغب کرنا ہے۔
سرمایہ کاری کی وزارت کے انڈر سیکرٹری محمد ابا حسین نے انٹیگریٹڈ انویسٹر سروسز کے حوالے سے کہا کہ بزنس وزٹ ویزہ ‘وزیٹر انویسٹر’ کا مقصد غیر ملکی سرمایہ کاروں اورغیرملکی اداروں کےملازمین کوالیکٹرانک وزٹ ویزا کیلیے درخواست دینےکاموقع فراہم کرناہے۔ .
انہوں نے کہا کہ ویزا وزارت خارجہ کے قومی ویزا پلیٹ فارم سے ڈیجیٹل طور پر جاری کیا جا سکتا ہے۔
محمد اباح حسین کے مطابق یہ سروس وزارت خارجہ کے ساتھ مشترکہ کوششوں اور مشترکہ تعاون کے نتیجے میں سامنے آئی ہے جس کا مقصد سرمایہ کاروں کو اضافی قدر اور مناسب خدمات فراہم کرنا ہے۔
اس سے قبل سعودی وزارت سرمایہ کاری نے وزارت خارجہ کے تعاون سے فوری الیکٹرانک ویزا سے مستفید ہونے والوں کے زمرے میں توسیع کرتے ہوئے مزید کیٹیگریز کا اضافہ کیا تھا۔