کویت اردو نیوز : سعودی عرب میں جعلی ڈگری کے ساتھ انجینئرنگ کونسل کی رکنیت حاصل کرنے کی کوشش کرنے والے غیر ملکی کو قید اور جرمانے کی سزا سنائی گئی۔
استغاثہ کا کہنا ہے کہ ایک غیر ملکی کو جعلسازی کے الزام میں حراست میں لیا گیا۔ ملزم نے انجینئرنگ کونسل کی رکنیت حاصل کرنے کے لیے جعلی ڈگری جمع کرائی تھی۔
کونسل کی ٹیم کو ڈگری پر شک ہوا، جس کے بعد اس کی چھان بین کی گئی تو پتہ چلا کہ ملزم کی جانب سے جمع کرایا گیا مکینیکل ٹیکنالوجی کا ڈپلومہ جعلی تھا۔
انجینئرنگ کونسل نے ملزم کا مقدمہ متعلقہ عدالت کو بھجوایا جہاں اسے ایک سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی گئی۔ اسے قید کی سزا پوری کرنے کے بعد ملک بدر کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب میں ٹیکنیکل ورکرز کے لیے اپنی تعلیمی اور ٹیکنیکل ڈگری یا ڈپلومہ کی سعودی انجینئرنگ کونسل سے تصدیق کرانا ضروری ہے جس کے بعد ان کے ورک پرمٹ اور اقامہ کی تجدید کی جاتی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی سعودی عرب کے شہر دمام کی فوجداری عدالت نے انجینئرنگ کی جعلی ڈگری کیس میں ایک بھارتی شہری کو ایک سال قید اور 5 ہزار ریال جرمانے کی سزا سنائی تھی ۔
غیر ملکی نے انجینئرنگ کی جعلی ڈگری بنائی اور اسے سعودی عرب میں ملازمت کے لیے استعمال کیا۔