کویت اردو نیوز : صحت مند زندگی کے لیے مناسب مقدار میں نیند بہت ضروری سمجھی جاتی ہے۔ برطانیہ کی نیشنل ہیلتھ سروسز کے مطابق، ہر ایک کو روزانہ سات سے نو گھنٹے تک نیند لینی چاہیے۔
ماضی میں کئی مطالعات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ناکافی نیند صحت کے سنگین مسائل جیسے بے چینی، ڈپریشن یا بے خوابی کا باعث بن سکتی ہے۔ اس مسئلے کے حل کے طور پر ماہرین نے کچھ ایسی غذاؤں کی نشاندہی کی ہے جو اچھی نیند کے لیے مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق میگنیشیم سے بھرپور کدو کے بیجوں میں بے خوابی کا حل موجود ہے۔ میگنیشیم ایک اہم عنصر ہے جو پٹھوں کو آرام دیتا ہے اور میلاٹونن ہارمونز کے اخراج کو بڑھاتا ہے جو نیند دلانے میں مدد کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میگنیشیم کے دیگر ذرائع میں تل کے بیج، سورج مکھی کے بیج، بادام اور خشک تھیم (جنگلی پودینہ) شامل ہیں۔
نیند اور میگنیشیم کے درمیان تعلق کے بارے میں، سلیپ فاؤنڈیشن کی رپورٹ ہے کہ میگنیشیم بہت سے سپلیمنٹس اور قدرتی مصنوعات میں شامل ہے جو نیند میں مدد دیتے ہیں۔
فاؤنڈیشن نے مزید کہا کہ محققین کا خیال ہے کہ میگنیشیم ہمارے مرکزی اعصابی نظام کو پرسکون کرتا ہے اور ایسے رد عمل کا باعث بنتا ہے جو نیند کو فروغ دیتے ہیں۔
میگنیشیم کے ساتھ ساتھ کدو کے بیج بھی امینو ایسڈ ٹرپٹوفن سے بھرپور ہوتے ہیں جو نیند کے معیار اور مزاج کو بہتر کرنے کےلیے جانا جاتا ہے۔