کویت اردو نیوز: مہینے میں ایک بار دوستوں یا رشتہ داروں سے ملنے سے قبل از وقت موت سے بچا جا سکتا ہے ، یہ بات سکاٹ لینڈ میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی ، گلاسگو یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ تنہائی اور جلد موت کے خطرے سے بچنے کے لیے ہر ایک کو مہینے میں کم از کم ایک بار دوستوں اور خاندان والوں سے ملنا چاہیے۔
تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ مہینے میں ایک بار بھی اپنے پیاروں کو نہ دیکھنا قبل از وقت موت کا خطرہ بڑھاتا ہے۔
اس تحقیق میں 450,000 سے زیادہ لوگوں کے طبی ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا۔ان افراد کی اوسط عمر 57 سال تھی اور 12.6 سال تک ان کی صحت کی نگرانی کی گئی۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ تمام قسم کی سماجی تنہائی، جیسے کہ تنہا رہنا، تنہائی محسوس کرنا اور دوستوں یا رشتہ داروں کو نہ دیکھنا، جلد موت کے خطرے کو بڑھاتا ہے۔
تحقیق سے ثابت ہوا ہے کہ جو لوگ اپنے آپ کو اپنے دوستوں یا رشتہ داروں سے دور رکھتے ہیں ان میں دل کی شریانوں کی بیماری سے مرنے کا خطرہ 53 فیصد زیادہ ہوتا ہے اور کسی بھی وجہ سے مرنے کا خطرہ 39 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔
اسی طرح جو لوگ اکیلے رہتے ہیں ان میں دل کی بیماری سے موت کا خطرہ 48 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔
جو لوگ ایک سے زیادہ سماجی تنہائی کا تجربہ کرتے ہیں ان میں کسی بھی وجہ سے موت کا خطرہ 77 فیصد بڑھ جاتا ہے۔
محققین کے مطابق معاشرے سے کٹے ہوئے افراد کو جلد موت کا خطرہ ہوتا ہے اور اس لیے ضروری ہے کہ وہ ہر مہینے کم از کم ایک بار اپنے پیاروں سے ملیں۔
تحقیق میں یہ نہیں بتایا گیا کہ سماجی تنہائی موت کا خطرہ کیوں بڑھاتی ہے لیکن محققین کا خیال ہے کہ تنہا لوگ سگریٹ نوشی جیسی غیر صحت بخش عادات کو اپنا سکتے ہیں۔ تحقیق کے نتائج جریدے بی ایم سی میڈیسن میں شائع ہوئے۔
اس سے قبل جون 2023 میں چین کی ہاربن میڈیکل یونیورسٹی کی تحقیق میں یہ بھی بتایا گیا تھا کہ جو لوگ سماجی طور پر الگ تھلگ یا تنہا محسوس کرتے ہیں ان میں کسی بھی وجہ سے جلد موت کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
محققین نے کہا کہ تنہائی کس طرح کسی شخص کی صحت کو متاثر کرتی ہے ابھی تک پوری طرح سے سمجھ میں نہیں آیا ہے، لیکن کئی عوامل ممکنہ طور پر کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسے لوگ صحت بخش خوراک کا استعمال نہیں کرتے اور ورزش سے دور رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سماجی تنہائی سوزش اور کمزور مدافعتی نظام سے منسلک ہے، جس سے مختلف دائمی بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
واضح رہے کہ سماجی تنہائی سے مراد کسی شخص کا دوسروں سے تعلق یا رابطہ ختم ہونا ہے، جب کہ تنہائی کی اصطلاح سماجی تعلقات کے باوجود تنہا محسوس کرنے کے لیے استعمال ہوتی ہے۔