کویت اردو نیوز : کینسر دنیابھر میں انتہائی تیزی سےپھیلنے والی بیماری ہے جس سے ہر سال لاکھوں اموات ہوجاتی ہیں۔ اب ماہرین نے مردوں میں کینسرکے تیزی سےپھیلنے کی بنیادی وجہ دریافت کرلی ہے اور وہ ہےموٹاپا ، یہ بات سویڈن میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
گوتھنبرگ یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ جن مردوں کا وزن 18 سال کی عمر میں زیادہ تھا ان میں بعد کی زندگی میں کینسر ہونے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔ اسی ریسرچ ٹیم نے اگست 2023 میں ایک تحقیق میں بتایا تھا کہ جو مرد جسمانی طور پر فٹ نہیں ہیں ان میں کینسر ہونے کا خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔
اب، ایک نئی تحقیق میں، انہوں نے جسمانی وزن اور کینسر کے خطرے کے درمیان تعلق پر روشنی ڈالی ہے ، انھوں نے پایا کہ جوانی میں زیادہ جسمانی وزن والے افراد میں مختلف قسم کے کینسر کا خطرہ ان لوگوں کی نسبت زیادہ ہوتا ہے جن کی فٹنس خراب ہوتی ہے۔
تحقیق کے مطابق اس طرح کے افراد میں پھیپھڑوں، سر اور گلے، دماغ، تھائرائیڈ، غذائی نالی، مثانہ ،معدہ، جگر، بڑی آنت، گردے، جلد سمیت 17 اقسام کے کینسر ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
تحقیق کے لیے 1.4 ملین سے زائد مردوں کے طبی ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا، جن میں سے 84000 میں کینسر کی تشخیص ہوئی۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ جن لوگوں کا وزن زیادہ تھا ان میں کینسر کی تشخیص کے چند سال بعد موت کا خطرہ نمایاں طور پر زیادہ تھا۔
تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ زیادہ جسمانی وزن معدہ یا متعلقہ اعضاء جیسے غذائی نالی یا گردے کے کینسر کا خطرہ 3 سے 4 گنا بڑھا دیتا ہے۔محققین کا کہنا تھا کہ نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ جو نوجوان موٹے یا زیادہ وزن کا شکار ہیں ان میں کینسر ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
اس سے قبل جون 2023 میں سویڈن کی اپسالا یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں بتایا گیا تھا کہ موٹے افراد میں کینسر ہونے کا امکان زیادہ ہوتا ہے اور جسمانی وزن میں اضافہ خواتین میں اس جان لیوا مرض کا خطرہ بڑھاتا ہے۔
اس تحقیق میں مردوں اور عورتوں میں خطرے کی شرح کا جائزہ لے کر موٹاپے اور کینسر کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا گیا۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ جسم کے مختلف حصوں میں چربی کا جمع ہونا کینسر کے خطرے میں کردار ادا کرتا ہے تاہم مردوں یا خواتین میں اس خطرے کی شرح مختلف ہو سکتی ہے۔
محققین کے مطابق اس تحقیق کا مقصد جسم میں چربی کے جمع ہونے اور کینسر کے درمیان تعلق پر روشنی ڈالنا تھا اور ہم نے دریافت کیا کہ جسم میں چربی کی مقدار اور دیگر عوامل دونوں جنسوں میں بیماری کے خطرے کی شرح کو متاثر کرتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پیٹ اور کمر کے گرد چربی کی مقدار بڑھنے سے مختلف قسم کے کینسر میں مبتلا ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔