کویت اردو نیوز : 179 شہید فلسطینیوں کو غزہ کے سب سے بڑے الشفا اسپتال کے احاطے میں ایک اجتماعی قبر میں سپرد خاک کردیا گیا۔
غزہ میں الشفا اسپتال کے ڈائریکٹر محمد ابو سلمیہ کا کہنا ہے کہ الشفا اسپتال میں 179 لاشیں ہسپتال کے احاطے میں ایک اجتماعی قبر میں دفن کی گئی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ابو سلمیہ اسپتال کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ شہید فلسطینیوں کی لاشوں کو اجتماعی قبر میں دفن کیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسپتال کے احاطے میں دفن ہونے والوں میں 7 شیر خوار بچے بھی شامل ہیں جو آئی سی یو میں دم توڑ گئے اور 29 مریض ایندھن کی کمی کے باعث انتقال کر گئے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے الشفا اسپتال کو کئی دنوں سے گھیرے میں لے رکھا ہے اور اندر موجود ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ وہ بجلی کے جنریٹرز میں ایندھن نہ ہونے کے باعث مریضوں کا علاج کرنے سے قاصر ہیں۔
اس سے قبل عالمی ادارہ صحت نے کہا تھا کہ الشفاء ہسپتال مکمل طور پر غیر فعال ہو چکا ہے۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اس وقت الشفا اسپتال میں 650 مریض، 500 عملے کے ارکان اور 2500 کے قریب بے گھر افراد موجود ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا کہ اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں گذشتہ 3 دنوں میں الشفا اسپتال کے کم از کم 32 مریض شہید ہوچکے ہیں جن میں 6 بچے بھی شامل ہیں۔