کویت اردو نیوز : کراچی کے سچل تھانے میں 6 روز قبل آن لائن ٹیکسی ڈرائیور کو قتل کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
9 نومبر کو کراچی کے علاقے صفورا گوٹھ کے قریب سرسید روڈ پر نامعلوم گاڑی ملی تھی اور کچھ ہی فاصلے پر جھاڑیوں سے نوجوان کی گولی ماری ہوئی لاش ملی تھی۔
بعد ازاں پولیس نے متوفی کی شناخت شاہ زیب کے نام سے کی جو حیدرآباد سے سواری لے کر کراچی آیا تھا اور یہاں بھی اسے سواری مل گئی تاہم اس کے بعد کیا ہوا معلوم نہیں ہوسکا۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی اور 6 روز بعد آن لائن ٹیکسی ڈرائیور کے قتل میں مطلوب ملزم کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے قتل کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اس نے ٹیکسی ڈرائیور شاہ زیب کو گیم کا ٹاسک سمجھ کر قتل کیا۔
پولیس کے مطابق ملزم صمد کی جانب سے قتل کا یہ پہلا واقعہ تھا تاہم یہ گیم ٹاسک پہلا نہیں تھا، اس سے قبل بھی ملزم نے گلستان جوہر سے کرائے پر گاڑی لینے کی کوشش کی تھی تاہم رینٹ اےکار کے مالک نے اس کے گھر کاپتہ مانگا جس کی وجہ سے ملزم اپنا کام مکمل نہ کر سکا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ملزم صمد نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ اس گیم میں اس قدر گم تھا کہ اس نے حقیقی زندگی اور نقلی زندگی میں فرق کرنا چھوڑ دیا تاہم گرفتاری کے بعد جب اصل زندگی سامنے آئی تو اب اسے پچھتاوا ہو رہا ہے۔