کویت اردو نیوز : سردیوں میں خشک جلد سے ہر مرد وعورت پریشان رہتے ہیں، کیوں کہ خشک جلد چہرے پر جلن کا باعث بنتی ہے۔
سردیوں کا درجہ حرارت جلد کو خشک کر دیتا ہے، یہی وجہ ہے کہ خواتین جلد کو ہائیڈریٹ کرنے کے لیے موئسچرائزر پر خوب پیسہ خرچ کرتی ہیں۔
خواتین جلد کو نمی بخشنے کے لیے بالائی کا استعمال بھی کرسکتی ہیں، بالائی نہ صرف چائے اور مٹھائی کا ذائقہ بڑھاتی ہے بلکہ یہ چہرے کی جلد کے لیے بھی بے حد مفید ہے۔
بالائی کو اپنے چہرے پر ہفتے میں تین بار لگانے سے آپ کی جلد کو یہ درج ذیل فوائد مل سکتے ہیں۔
جلد کو ہائیڈریٹ رکھنا:
سردیوں کے موسم میں خشک جلد پر بالائی لگانا ایک بہترین ٹوٹکا ہے۔ اس میں موجود لیکٹک ایسڈ نہ صرف جلد کو ہائیڈریٹ کرتا ہے بلکہ اسے نرم اور ملائم بھی بناتا ہے۔
جلد کو صاف کرنا:
بالائی کو جلد کے لیے کلینزر کہا جاتا ہے، یہ سوراخوں کو کھولتے ہوئے جلد پر موجود گندگی کو خوب اچھی طرح صاف کر دیتی ہے۔
جلد کے مردہ خلیوں کو ہٹانا:
جلد کی دیکھ بھال میں بالائی کا استعمال جلد کے مردہ خلیوں کو دور کرنے میں مدد کرتا ہے۔ بالائی سے جلد کو ایکسفولیئٹ کرنے سے آپ کو نرم اور خوبصورت جلد مل سکتی ہے۔
جلد کو لچکدار بنانا:
لچکدار جلد جھریوں، باریک لکیروں اور عمر بڑھنے کی دیگر علامات کو روکنے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔ ملائی میں موجود لیکٹک ایسڈ، پروٹین و وٹامنز جلد کی لچک کو زیادہ دیر تک برقرار رکھتے ہیں۔