کویت اردو نیوز : تیمر گڑھ کے 65 سالہ دلاور خان نے انوکھی مثال قائم کرتے ہوئے تعلیم کے لیے گورنمنٹ پرائمری سکول خونگئی کی پہلی جماعت میں داخلہ لے لیا۔
دلاور خان صبح وقت پر سکول پہنچ جاتا ہے اور اپنے ہم جماعتوں کے ساتھ پڑھائی میں مصروف ہو جاتا ہے۔
دلاور خان کا کہنا ہے کہ غربت اور افلاس کی وجہ سے اس نے لڑکپن میں ہی کام شروع کیا، وہ کم عمری میں گھر کا واحد کمانے والا تھا، اس نے اپنی زندگی محنت مزدوری کرتے ہوئے گزاری۔
دلاور خان نے میڈیا کو بتایا ہے کہ تعلیم کے بغیر زندگی آج کل بے معنی ہے۔ بچپن میں تعلیم حاصل کرنے کی خواہش تھی لیکن اب میں نے اپنی ادھوری خواہش کو پورا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دلاور خان کا کہنا ہے کہ تعلیم حاصل کر کے معاشرے کو اچھا پیغام دینا مقصد ہے۔
دلاور خان کے کلاس ٹیچر کا کہنا ہے کہ وہ صبح سویرے وقت پر کلاس پہنچ جاتے ہیں اور پڑھنے لکھنے میں بہت دلچسپی رکھتے ہیں۔