کویت اردو نیوز : آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں بھارت کی شکست پر ڈھاکہ میں بھی جشن منایا گیا۔
بنگلہ دیش کی ڈھاکہ یونیورسٹی کے ہزاروں طلباء نے بھارت کی شکست پر جشن منایا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پرخوب تیزی کے ساتھ وائرل ہوگئی ہے ۔
یاد رہے کہ 1971ء میں بھارت کی براہ راست مداخلت کی وجہ سے مشرقی پاکستان بنگلہ دیش بنا جب کہ بنگلہ دیش کی موجودہ وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی حکومت کو بھارت نواز حکومت سمجھا جاتا ہے۔
بنگلہ دیشی طلباء نے جس انداز میں بھارت کی شکست کا جشن منایا ، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھارت طاقت کے ذریعے چند لوگوں پر فتح حاصل کر سکتا ہے لیکن بنگلہ دیشی عوام کے دلوں میں اس کے لیے کوئی ہمدردی نہیں ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک صارف نے وائرل ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ مودی کی متعصبانہ غلطیاں پوری دنیا میں بھارت کے لیے شدید نفرت کا باعث بن رہی ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھارتی شہر احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں آسٹریلیا نے بھارت کو چھ وکٹوں سے شکست دی تھی۔