کویت اردو نیوز: ہفتہ کے روز مختلف سوشل میڈیا سائیٹس پر ایک ویڈیو کلپ وائرل ہوا جس میں اسرائیلی ڈیفنس فورس (IDF) کا ایک سپاہی غزہ میں ایک گھر کو اڑا کر اپنی بیٹی کی دوسری سالگرہ منا رہا ہے۔
وائرل ہونے والی ویڈیو میں آئی ڈی ایف کے سپاہی کو عبرانی زبان میں یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ ’’میں نے یہ دھماکہ اپنی بیٹی شہزادی عائلہ کی سالگرہ کے موقع پر کیا جو آج دو سال کی ہوگئی ہے ۔
اس وائرل ہونے والی ویڈیو کو انٹرنیٹ صارفین نے ہزاروں بار شیئر اور پوسٹ کیا ہے۔
عربی اور انگریزی زبان کے مختلف ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی ہے کہ فوجی نے غزہ میں ایک فلسطینی کے گھر کو اڑانے سے قبل اسرائیلی فوج سے اجازت طلب کی تھی۔
ویڈیو میں سپاہی اپنی بیٹی سے کہتا ہے، "مجھے تمہاری یاد آتی ہے۔”
ویڈیو میں کئی اسرائیلی فوجیوں کو بھی دیکھا جا سکتا ہے جو نامعلوم فوجی کو گھیرے میں لے رہے ہیں کیونکہ وہ عمارت کو اڑانے کی ‘ہدایت’ دے رہا ہے۔
دھماکہ کرنے سے پہلے، فوجی عبرانی میں گننا شروع کر دیتے ہیں اور جب وہ صفر پر پہنچ جاتے ہیں تو ایک زوردار دھماکہ سنائی دیتا ہے۔
صارفین نے ویڈیو کی نہ صرف مذمت کی بلکہ تنقید بھی کی۔
ایک صارف نے ایکس پر پوسٹ کیا کہ ‘ بے بس دنیا اس مجرمانہ فعل کو بے بسی سے دیکھ رہی ہے۔ !