کویت اردو نیوز : بھارت کی شمالی ریاست ہریانہ کے علاقے بھوانی میں ایک خاتون نے بہادری اور بے خوفی کا شاندار مظاہرہ کرتے ہوئے حملہ آوروں کو اپنے بیٹے کو نشانہ بنانے سے روک دیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خاتون بانس کی چھڑی سے موٹر سائیکل سوارحملہ آوروں کا پیچھا کر رہی ہے۔ واقعہ خاتون کے گھر کے قریب پیش آیا۔
شکنتلا نامی ایک خاتون نے انڈیا ٹوڈے ٹی وی کو بتایا کہ اس نے جو کچھ کیا وہ وہی ہے جو کوئی بھی ماں اپنے بیٹے کے لیے کرے گی۔
خاتون کے مطابق، ‘میں اپنے مویشیوں کے شیڈ میں جھاڑو دے رہی تھی جب مجھے آوازیں آئیں۔ میں نے محسوس کیا کہ پٹاخوں کی آواز میرے مویشیوں کو پریشان کر رہی ہے تو میں باہر نکلی اور دیکھا کہ میرے بیٹے ہریا پر حملہ ہوا ہے۔ تو میں نے جھاڑو اٹھایا اور حملہ آوروں کا سامنا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر میری جگہ کوئی اور ماں ہوتی تو وہ بے خوفی سے اس طرح دفاع کرتی جس طرح میں نے اپنے بیٹے کا کیا۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 2 موٹر سائیکلوں پر سوار مسلح افراد گھر کے باہر کھڑے ایک شخص پر فائرنگ کر رہے ہیں۔ گولیوں کا نشانہ ہری کشن تھا جو ہریا کے نام سے مشہور تھا۔ جیسے ہی فائرنگ شروع ہوئی، ہریا گھر میں گھس کر جان بچانے میں کامیاب ہوگیا۔
گولی چلنے کی آواز سنتے ہی اس کی والدہ نے غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بندوق برداروں پر لاٹھی سے حملہ کیا اور کامیابی سے ان کا پیچھا کیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس بہادر خاتون شکنتلا نے خطرے کا سامنا کرنے کے باوجود غیر معمولی ہمت کا مظاہرہ کیا۔