کویت اردو نیوز : سری لنکا نے بھارت سمیت سات ممالک کے شہریوں کو مفت سیاحتی ویزے جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق سری لنکا کے امیگریشن ڈیپارٹمنٹ نے ملک کے سیاحت کے شعبے کو ترقی دینے کے لیے مفت ویزے جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اکتوبر میں سری لنکا کی کابینہ نے ملائیشیا، جاپان، انڈونیشیا ،بھارت، چین، روس اور تھائی لینڈ کے شہریوں کو مفت سیاحتی ویزے جاری کرنے کا فیصلہ کیا۔
سری لنکا کے امیگریشن ڈیپارٹمنٹ کے مطابق مفت آزمائشی بنیادوں پر سیاحتی ویزوں کا اجرا 31 مارچ 2024 سے 30 دنوں کے لیے شروع کیا جائے گا۔
سیاحوں کو مفت ویزا پر سری لنکا میں 30 دن تک رہنے کی اجازت ہوگی۔
واضح رہے کہ اکتوبر میں سری لنکا جانے والے بھارتی سیاحوں کی تعداد 28 ہزار تھی جب کہ گزشتہ ماہ سری لنکا جانے والے روسی سیاحوں کی تعداد تقریباً 10 ہزار تھی۔
سری لنکا میں سیاحت کو اس وقت شدید نقصان پہنچا تھا جب 2019 میں ایسٹر بم دھماکوں میں 11 ہندوستانیوں سمیت 270 افراد ہلاک ہوئے۔