کویت اردو نیوز : واٹس ایپ میں پرائیویسی کا نیا فیچر سیکرٹ کوڈ متعارف کرایا گیا ہے۔
میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ نے صارفین کے لیے فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیاہے ۔
واضح رہے کہ چند ہفتے قبل اس فیچر کو واٹس ایپ کے بیٹا ورژن کا حصہ بنایا گیا تھا اور اب اسے تمام صارفین کے لیے متعارف کرا دیا گیا ہے۔
خفیہ کوڈ بنیادی طور پر واٹس ایپ کے چیٹ لاک فیچر کو بہتر بنائے گا۔
واضح رہے کہ چیٹ لاک کا فیچر مئی 2023 میں متعارف کرایا گیا تھا جس کے ذریعے مختلف چیٹس کو ایک فولڈر میں محفوظ کیا جاتا ہے جبکہ فون ان لاک کے طریقہ کار کے ذریعے ان تک رسائی حاصل کی جاتی ہے۔
مارک زکربرگ نے کہا کہ صارفین اپنے لاک چیٹس کو منفرد پاس ورڈ سے محفوظ کر سکیں گے۔
یہ نیا فیچر صارفین کی پرائیویسی کو مزید بہتر بنائے گا کیونکہ ان کی لاک شدہ چیٹس نظر نہیں آئیں گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ صارفین کی لاک چیٹس سرچ بار پر تب ہی ظاہر ہوں گی جب وہ خفیہ کوڈ ٹائپ کریں گے۔
لاک شدہ چیٹس کی فہرست نظر نہیں آئے گی، اس لیے اگر کوئی اور صارف کا فون استعمال کرتا ہے تو بھی اس کے لیے حساس گفتگو دیکھنا ممکن نہیں ہوگا۔