کویت اردو نیوز : (پاکستان ) ایف آئی اے امیگریشن نے ملتان ایئرپورٹ پر بھیک مانگنے کے لیے بیرون ملک جانے والے 9 مسافروں کو آف لوڈ کردیا۔
ترجمان ایف آئی اے امیگریشن کے مطابق ملزمان عمرے کی آڑ میں بھیک مانگنے سعودی عرب جارہے تھے، ملزمان نے پرواز نمبر پی اے 870 سے سعودی عرب جانے کی کوشش کی۔
ایف آئی اے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق خاتون ایجنٹ بھی ملزم کے ساتھ تھی، ملزم کے پاس کوئی ہوٹل بکنگ نہیں تھی، اس گروپ میں 6 خواتین اور دومرد بھی شامل ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزمان کو تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے انسداد انسانی سمگلنگ سرکل ملتان منتقل کر دیا گیا ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ بیرون ملک بھیک مانگنے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کریک ڈاؤن جاری ہے، مسافروں کی سخت اسکریننگ جاری ہے، بھیک مانگنے میں ملوث افراد کے پاسپورٹ بلیک لسٹ کیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ایسے واقعات سامنے آچکے ہیں جن میں عمرہ کی آڑ میں بھیک مانگنے سعودی عرب جاتے ہوئے لوگوں کو گرفتار کیا گیا تھا۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے 29 ستمبر کو ملتان ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے 16 افراد کو گرفتار کیا تھا۔
یہ بھی یاد رہے کہ سیکرٹری اوورسیز نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو بتایا ہے کہ بیرون ملک گرفتار ہونے والے بھکاریوں میں 90 فیصد پاکستانی ہیں۔