کویت اردو نیوز : یاد رکھیں کہ اگر آپ بے روزگار ہیں تو بھی آپ وقت جیسے قیمتی اثاثے کے مالک ہیں، جو ہر کسی کے پاس نہیں۔ اب یہ آپ پر منحصر ہے کہ اس سرمائے کو اچھی نوکری اور بہت کچھ کمانے کے لیے کس طرح استعمال کرنا ہے۔ اگر آپ اپنی بے روزگاری کے دنوں میں درج ذیل چار کام کریں تو آپ کو بہت فائدہ ہوگا۔
کمیشن پر کام کریں
اس کام کے لیے نہ پیسے کی ضرورت ہے اور نہ ہی سفارش۔ مختلف کاروباری مالکان سے ملیں۔ چیزوں کی فروخت کے لیے کمیشن مقرر کریں اور اللہ کا نام لے کر کام شروع کریں۔ بڑے کاروبار جیسے غلہ منڈی، سبزی منڈی، انشورنس، شیئر مارکیٹ، پراپرٹی بزنس، سافٹ ویئر ہاؤسز سے لے کر عام چھوٹے کاروبار تک آپ آسانی سے اپنی جگہ بنا سکتے ہیں۔
رضاکار بنیں
آپ یہ کام کسی بھی فلاحی این جی او سے شروع کر سکتے ہیں۔ اپنے شہر کے کسی بھی ایسے ادارے میں جائیں اور اپنی خدمات پیش کریں۔ نہ صرف آپ کا مختلف لوگوں کے ساتھ اچھا نیٹ ورکنگ ہوگا بلکہ آپ کو بہت سی نئی چیزیں بھی سیکھنے کو ملیں گی۔
مفت میں کام کریں
اگر آپ پہلے ہی کسی چیز کے ماہر ہیں لیکن آپ کو روزگار کی تلاش نہیں ہے تو بیکار رہنے کے بجائے اپنی خدمات کو لوگوں کے لیے مفت بنائیں۔ پھر آہستہ آہستہ اپنی قیمت مقرر کریں۔ یا کسی دکان پر جائیں اور سیکھنے کے لیے مفت کام کریں۔ اس دکان کے کاروبار کو سمجھنے کی کوشش کریں۔ نیک نیتی کے ساتھ دکان کی فروخت بڑھانے میں معاونت کریں۔ بہت سے نوجوانون نے مفت یا تھوڑی سی تنخواہ کے عوض دکان پر سیلز مین کے طور پر کام شروع کیا اور آج اپنی چھوٹی سی دکان کھولی، جو ایک دن بڑے کاروبار میں بدل جائے گی۔
ایک نیا ہنر سیکھیں
آج کے نوجوانوں کے لیے گھر بیٹھے یوٹیوب پر ہنر سیکھنا جتنا آسان ہے، اتنا پہلے کبھی نہیں تھا ، ویڈیو گرافی، ایڈیٹنگ، ویب سائٹ/ایپ بنانے، گرافک ڈیزائننگ سے لے کر، ایسا کون سا کام ہے جو آپ مفت میں نہیں سیکھ سکتے۔ پھر اس کے بعد آپ فری لانسنگ یا ای کامرس کے ذریعے زبردست روزگار پیدا کر سکتے ہیں۔ اگر آپ ایسا بھی نہیں کر سکتے تو کسی دکان پر جائیں اور اسے کرنے کا طریقہ سیکھیں۔ کتنے ہی ڈریس ڈیزائنرز، ہیئر ڈریسرز، ویڈیو گرافرز، ویڈیو ایڈیٹرز، موبائل ریپیئرنگ کرنے والے ایسے کام سیکھ کر اپنے لیے روزگار پیدا کر چکے ہیں۔