کویت اردو نیوز : عازمین کو خدمات فراہم نہ کرنے پر متعدد عمرہ کمپنیوں کے لائسنس منسوخ کر دیے گئے۔
سعودی وزارت حج و عمرہ نے عمرہ زائرین کو خدمات فراہم کرنے اور بعض ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں ناکامی پر متعدد عمرہ کمپنیوں کے لائسنس منسوخ کر دیئے ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت حج و عمرہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ قصوروار عمرہ کمپنیوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ان کے کیسز متعلقہ ادارے کے حوالے کیے جائیں گے۔ خلاف ورزی کے ثبوت ملے تو ان کے خلاف مناسب سزائیں دی جائیں گی۔
وزارت حج و عمرہ نے اس سے قبل خبردار کیا تھا کہ عازمین کی خدمت میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
نادہندہ کمپنی کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ زائرین کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا۔
وزارت حج و عمرہ نے کہا کہ عمرہ خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے انسپکشن وزٹ ہوں گے۔
عمرہ زائرین کی جانب سے کسی کمپنی کے خلاف شکایت موصول ہوئی تو اس پر کارروائی کی جائے گی۔
وزارت حج و عمرہ نے داخلی اور خارجی عازمین سے کہا ہے کہ وہ پرمٹ ہولڈرز عمرہ کمپنیوں کے ذریعے عمرہ پروگرام کریں۔