کویت اردو نیوز : متحدہ عرب امارات میں الفجیرہ کی وفاقی عدالت نے ایک خاتون کو پاسپورٹ میں نشہ آور اشیاء چھپانے کی کوشش کرنے پر 20 ہزار درہم جرمانہ کیا ہے۔
ایمریٹس الیوم کے مطابق خاتون مسافر اپنے پاسپورٹ میں کاغذ کا ایک ٹکڑا رکھ رہی تھی جس میں نشہ آور چیز کو مہارت سے چھپایا گیا تھا۔
خاتون مسافر نے ابتدائی طور پر اس بات سے انکار کیا کہ اس کے پاسپورٹ میں منشیات کا کوئی کاغذ موجود تھا۔ تاہم بعد میں اس نے اعتراف کر لیا۔
خاتون کے خلاف جرمانے کا فیصلہ کرنے سے قبل عدالت نے لیبارٹری سے رپورٹ طلب کی تھی جس میں تصدیق کی گئی تھی کہ کاغذ میں نشہ آور اشیاء موجود تھیں۔
اس سے قبل پاکستان ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس نے پشاور ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے دبئی جانے والے مسافر کے بیگ سے 755 گرام سے زائد ہیروئن برآمد کرلی۔
ترجمان کے مطابق مسافر محمد فاروق دبئی جانے کے لیے پشاور ایئرپورٹ پہنچا تھا، اے ایس ایف کے عملے نے مسافر کے بیگ کی چیکنگ کے دوران ہیروئن کی نشاندہی کی۔
اے ایس ایف کے مطابق آئس ہیروئن کو بڑی مہارت سے تھیلے کے نیچے چھپایا گیا تھا تاہم اے ایس ایف اہلکاروں نے سامان کی تلاشی کے دوران 755 گرام آئس ہیروئن برآمد کرکے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔
ترجمان نے بتایا کہ ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد برآمد شدہ منشیات کے ساتھ مزید قانونی کارروائی کے لیے اے این ایف حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔