کویت اردو نیوز : حکومت پاکستان نے سرکاری حج سکیم کے تحت درخواستیں جمع کرانے کی تاریخ میں 22 دسمبر تک توسیع کر دی گئی ہے۔
ترجمان مذہبی امور کے مطابق ‘عازمین کے اصرار پر وزارت مذہبی امور نے درخواستوں کی وصولی میں 10 دن کی توسیع کا اعلان کیا ہے۔’
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ‘اسپانسر شپ اسکیم میں پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر درخواستیں وصول کی جارہی ہیں۔’
بیرون ملک سے ڈالر میں ادائیگی کرنے والوں کو بغیر قرعہ اندازی کے کامیاب قرار دیا جائے گا جب کہ حج بدل پر سے پانچ سالہ پابندی بھی اٹھا لی گئی ہے۔
ترجمان مذہبی امور کا کہنا تھا کہ گزشتہ پانچ سال کے دوران حج کرنے والے اس سال حج کے لیے درخواست دینے کے اہل ہوں گے۔
اکیلی عورت کو حلف نامہ فراہم کرنے پر خواتین کے قابل اعتماد گروپ کے ساتھ حج کرنے کی اجازت ہے۔
اس سے قبل سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نے حج کے موقع پر مہنگے ہوائی ٹکٹوں کے معاملے کا جائزہ لیا تھا ۔
پیر کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا ، جس میں حج کے لیے مہنگے داموں ہوائی ٹکٹوں کے معاملے کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیر مذہبی امور انیق احمد، سینیٹر پروفیسر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم، سینیٹر انور لال دین،سینیٹر پروفیسر ساجد میر، سینیٹر حاجی ہدایت اللہ خان، سینیٹر گردیپ سنگھ اور دیگر اراکین اور سرکاری افسران نے شرکت کی۔