کویت اردو نیوز : عالمی ادارہ صحت نے ای سیگریٹ کے حوالے سے انتباہ جاری کر دیا ہے .
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کا کہنا ہے کہ پوری دنیا میں بچوں کو ای سگریٹ کے جال میں پھنسایا جا رہا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کے مطابق سوشل میڈیا کے ذریعے بچوں کو ای سگریٹ کی طرف راغب کیا جا رہا ہے اور ای سگریٹ کے استعمال سے بچے نکوٹین کے عادی ہو رہے ہیں۔
عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ ای سگریٹ کے 16 ہزار سے زائد فلیورز کی مارکیٹنگ کی جارہی ہے، بچوں کو ای سگریٹ کے عادی ہونے سے روکنے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے، ای سگریٹ تمباکو نوشی چھوڑنے میں قطعاً مدد نہیں دے رہی۔
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے مطابق دنیا کے 88 ممالک میں ای سگریٹ کی فروخت کے لیے عمر کی کوئی حد نہیں ہے جب کہ دنیا کے 74 ممالک میں ای سگریٹ سے متعلق کوئی قانون نہیں ہے۔
عالمی ادارہ صحت نے ای سگریٹ کے نقصانات کے حوالے سے کہا ہے کہ ای سگریٹ کینسر، دل، پھیپھڑوں ، دماغی امراض کا باعث بھی بن رہی ہے اور ای سگریٹ کی فروخت روکنے کے لیے سخت قانون سازی اور عمل درآمد کی ضرورت ہے۔