کویت اردو نیوز: سعودی میں کھجور کی کاشت اور اس کی صنعت سے وابستہ ایک کسان نے کھجور کے گودے اور اس کے اجزاء سے پرفیوم اور شیمپو بنانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔
گزشتہ تین دہائیوں سے کھجور کی صنعت سے وابستہ سعودی شہری علی یاسین کا کہنا تھا کہ ‘ میں نے 1988 میں کھجور کی کاشت میں شمولیت اختیار کی اور پیداوار میں تیزی لانے کی صلاحیت حاصل کی’۔
بعد میں وہ کھجور کے درختوں اور اس کے پھلوں پر دوسرے کھیتوں میں تجربات کرتے رہے۔ 2015 میں، انہوں نے کھجور کی صنعت میں جدت لائی اور ‘ڈیٹ پاؤڈر’ تیار کرنے میں کامیابی حاصل کی جو کہ چینی کا متبادل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا سفر یہیں نہیں رکا بلکہ جاری رہا۔ ہم نے کھجوروں سے 60 سے زیادہ پروڈکٹس تیار کیں، بشمول ڈیٹ کیپسول، گولیاں اور دیگر مصنوعات۔ اب اس صنعت کو مزید فروغ دیتے ہوئے اس کا پرفیوم بھی تیار کیا گیا ہے۔
علی یاسین کا کہنا تھا کہ کھجور سے پرفیوم بنانے کا خیال کھجور کی اہمیت اور خصوصیات کی وجہ سے آیا۔ اس کے لیے کھجور سے نکالے گئے بہترین قدرتی عناصر کو استعمال کرتے ہوئے اس میں مزید خصوصی تیل ڈالتے ہیں جس کے بعد پرفیوم تیار کیا جاتا ہے ، جس کی قیمت 200 سے 300 ریال تک ہوتی ہے۔