کویت اردو نیوز : چین کے دو شمال مغربی صوبوں گانگسو اور کنہائی میں تباہ کن زلزلے سے کم از کم 116 افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق چین کے سرحدی شہر گانسو میں منگل کو آنے والے زلزلے میں کم از کم 100 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ دیگر ہلاکتیں کنہائی میں ہوئیں۔
یورپی میڈیٹیرینین سیسمولوجیکل سینٹر کے مطابق زلزلے کی شدت 6.1 تھی، اس کی گہرائی 35 کلومیٹر تھی جب کہ زلزلے کا مرکز چین کے شہر لانژو سے 102 کلومیٹر جنوب مغرب میں تھا۔
چینی حکومت کی جانب سے قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے ہنگامی صورتحال کو فعال کر دیا گیا ہے اور امدادی کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ زلزلے کے اثرات کا جائزہ لینے اور مقامی امدادی کارروائیوں کے لیے رہنمائی فراہم کرنے کے لیے ایک ورک ٹیم کو متاثرہ علاقوں میں روانہ کر دیا گیا ہے۔
زلزلے سے زخمی ہونے والے افراد کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔