کویت اردو نیوز: سعودی عرب میں کورونا کے نئے ویرینٹ ‘جے این ون’ کا تیزی سے پھیلاؤ جاری ہے ۔
سعودی پبلک ہیلتھ اتھارٹی "وقایہ” کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی نئی شکل "جے این ون” کے پھیلاؤ کی مقامی سطح پر نگرانی کی جا رہی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ملک میں اس نئے وائرس کے پھیلاؤ کی شرح 36 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے تاہم اس حوالے سے تشویش کی کوئی وجہ نہیں ہے۔ انتہائی نگہداشت کی ضرورت والے مریضوں کی تعداد میں اضافہ نہیں ہوا۔
عالمی ادارہ صحت نے نئے پھیلنے والے وائرس ‘JN-1’ کو ‘BA-2.86’ کی کڑی قرار دیا ہے۔
ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) نے لوگوں کو خبردار کیا ہے کہ "احتیاطی تدابیر اختیار کریں کیونکہ یہ وائرس بھی تیزی سے ایک سے دوسرے میں منتقل ہوتا ہے”۔
وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے فیس ماسک کا استعمال کریں اور اپنے ہاتھوں کی صفائی کا خاص خیال رکھیں تاکہ دوسرے وائرس سے متاثر نہ ہوں۔
سعودی ہیلتھ اتھارٹی "وقایہ” نے بھی اس وائرس کے حوالے سے اطمینان کا اظہار کیا کہ "اگرچہ نیا وائرس دوسرے ممالک میں تیزی سے پھیل رہا ہے، لیکن اس حوالے سے ابھی تک کسی ہنگامی صورتحال کا سامنا نہیں کیا گیا”۔