کویت اردو نیوز: موجودہ دور میں ہارٹ اٹیک کے کیسز کی شرح میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور اس میں نیند کی کمی اہم کردار ادا کرتی ہے۔
لیکن اچھی خبر یہ ہے کہ ہفتے کے آخر میں اضافی نیند قلبی صحت کو بہتر بنانے میں مدد کر سکتی ہے۔
یہ بات چین میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی ہے۔
نانجنگ میڈیکل یونیورسٹی کی تحقیق میں 20 سال یا اس سے زیادہ عمر کے 3400 افراد کے ڈیٹا کا جائزہ لیا گیا۔
یہ ڈیٹا 2017 اور 2018 کے درمیان یو ایس نیشنل ہیلتھ اینڈ نیوٹریشن سروے کے دوران جمع کیا گیا تھا۔
سروے میں دیکھا گیا کہ عام دن اور ہفتہ وار چھٹی کے دن لوگ کتنے گھنٹے سوتے ہیں اور کتنے لوگ دل کی بیماری، ہائی بلڈ پریشر یا ذیابیطس کا شکار ہیں۔
نتائج سے معلوم ہوا کہ ہفتہ وار تعطیلات کے دوران کم از کم ایک گھنٹہ اضافی سونے سے امراض قلب بالخصوص فالج اور ہارٹ اٹیک کا خطرہ 63 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔
تحقیق کے مطابق اگر آپ کو عام دن میں 6 گھنٹے سے کم نیند آتی ہے تو اپنی ہفتہ وار چھٹیوں میں کم از کم 1-2 گھنٹے زیادہ سونے کی کوشش کریں۔
محققین نے بتایا کہ ہفتہ وار چھٹی پر اضافی نیند فالج اور دل کی بیماری کا خطرہ کم ہونے کے درمیان تعلق ہے۔
چند طبی ماہرین (جو اس تحقیق میں شامل نہیں تھے) کا کہنا تھا کہ 6 گھنٹے سے کم نیند جسم میں اسٹریس ہارمونز کے اخراج کو بڑھاتی ہے جس سے ہارٹ اٹیک اور فالج جیسی بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ ہفتہ وار چھٹیوں میں ایک سے دو گھنٹے کی اضافی نیند سے پورے ہفتے کی نیند کی کمی کے منفی اثرات کو نمایاں طور پر کم کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ویسے تو سونے اور جاگنے کا وقت ہمیشہ ایک جیسا ہونا چاہیے لیکن جو لوگ نیند کی کمی کا شکار ہوتے ہیں ان میں موٹاپےاوردل کی بیماریوں کاخطرہ بڑھ جاتاہے۔
اس لیے اگر ایسے لوگ چھٹیوں میں زیادہ دیر سوتے ہیں تو ان کی صحت کو فائدہ ہوتا ہے۔