کویت اردو نیوز : اسپانسر شپ اسکیم کے تحت حج درخواستوں کی وصولی کی تاریخ میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
حکومت نے مطلوبہ درخواستیں نہ ملنے کے باعث تاریخ میں ایک ہفتے کی توسیع کا فیصلہ کیا ہے، 25 ہزار کے کوٹہ کے مقابلے میں اب تک صرف 3161 درخواستیں موصول ہوئی ہیں، اس لیے مزید درخواستوں کے لیے اسپانسر شپ اسکیم کی تاریخ میں توسیع کی جائے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سرکاری حج اسکیم میں درخواستیں جمع کرانے کی تاریخ میں 10 دن کی توسیع کی گئی تھی اور حج پر عائد 5 سال کی پابندی بھی ختم کردی گئی ہے۔
اس کے علاوہ وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) نے حج کو ڈیجیٹائز کرنے کے لیے ایک موبائل ایپ تیار کی ہے، این آئی ٹی بی کی تیار کردہ موبائل ایپ سے عازمین حج کے لیے تمام معلومات انگلی کے اشارے پر ہوں گی۔
نگراں وفاقی وزیر برائے آئی ٹی ڈاکٹر عمر سیف اور نگراں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور انیق احمد نے موبائل ایپلیکیشن ‘پاک حج’ کا آغاز کیا تھا ۔
موبائل ایپ اردو اور انگریزی میں بنائی گئی ہے اور حج سے قبل اس ایپ میں مقامی زبانیں بھی شامل کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ موبائل ایپ انسٹال ہونے کے بعد یہ آف لائن بھی کام کرے گی، رہنمائی کے لیے مختصر کلپس تیار کرکے حجاج کو موبائل ایپ سے بھیجے جائیں گے۔
اس موقع پر نگران وفاقی وزیر ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کی ہدایات کے مطابق ملک میں ڈیجیٹلائزیشن کو تیز کردیا گیا ہے، عازمین کی درخواست، مناسک حج کی ادائیگی اور واپسی تک کی تمام معلومات ایپ میں موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حج گروپ کی معلومات، تربیتی شیڈول اور سعودی عرب میں رہائش بھی پاک حج ایپ میں شامل ہے۔