کویت اردو نیوز : سعودی حکومت نے غلط جگہ سے سڑک عبور کرنے پر دو ہزار ریال کے بھاری جرمانے کا اعلان کیا تھا اور حسب توقع یہ اعلان ہوتے ہی ایک پاکستانی جرمانے کی زد میں آگیا۔
سعودی جنرل ڈیپارٹمنٹ آف ٹریفک (جی ڈی ٹی) نے حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ شاہراہوں کو عبور کرنے والے پیدل چلنے والوں پر 2000 ریال (تقریباً ڈیڑھ لاکھ پاکستانی روپے) تک کےبھاری جرمانےعائدکیےجائیں گے۔
سعودی ٹریفک حکام کی جانب سے ٹریفک قوانین پر عمل درآمد شروع کردیا گیا جس کے بعد غلط جگہ سے سڑک عبور کرنے والے پاکستانی پر بھاری جرمانہ عائد کردیا گیا، سڑک عبور کرنے اور اہلکار کو جرمانے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
لائف اِن سعودی عرب نے واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم "X” پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ نامعلوم مقام پر ہائی وے کراس کرنے پر 2000 ریال جرمانہ عائد کیا گیا۔
یاد رہے کہ جی ڈی ٹی حکام نے کہا تھا کہ شاہراہوں کو عبور کرنے والے پیدل چلنے والوں کو 1,000 سے 2,000 سعودی ریال تک کے جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔ پیدل چلنے والوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے اور ٹریفک میں نمایاں خلل پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ حادثات کے امکانات بھی بڑھ جاتے ہیں۔
سعودی حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی اور دوسروں کی حفاظت کو برقرار رکھنے کے لیے پیدل چلنے والے قوانین اور ضوابط کی تعمیل کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ شاہراہوں کو عبور کرنے والے افراد کو ایگزیکٹو ریگولیشنز کے شیڈول نمبر 5 کے تحت ایک جرم کے طور پر درجہ بندی کیا گیا ہے۔