کویت اردو نیوز: چائے مانگنے پر بیوی نےاپنے ہی شوہر کی آنکھ میں قینچی ماردی ۔
بھارت میں اپنی نوعیت کا انوکھا واقعہ پیش آیا جہاں بیوی نے چائے مانگنے پر اپنے شوہر کی آنکھ میں قینچی مار کر زخمی کر دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اتر پردیش کے ضلع باغپت میں ایک خاتون نے مبینہ طور پر چائے کا کپ مانگنے پر اپنے شوہر کی آنکھ میں قینچی گھونپ دی اور پولیس سے بچنے کے لیے موقع سے فرار ہوگئی۔
پولیس نے بتایا کہ انکت نامی شخص نے تین سال قبل خاتون سے شادی کی تھی لیکن کچھ عرصے بعد دونوں میں گھریلو مسائل پر اکثر جھگڑا ہونے لگا۔
پولیس کے مطابق بیوی نے واقعے سے صرف تین دن قبل اپنے شوہر اور اس کے اہل خانہ کے خلاف تشدد کی شکایت درج کرائی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ انکت نے چائے مانگی جس سے اس کی بیوی ناراض ہوگئی اور بیوی نے اس کی آنکھ میں قینچی سے وار کردیا۔ ہنگامہ آرائی سن کر گھر میں اس وقت موجود بھابھی اور بچے باہر آئے اور انہوں نے بعد میں پولیس کو اطلاع دی۔
تاہم پولیس کے پہنچنے سے پہلے ہی خاتون موقع سے فرار ہوگئی تاہم پولیس نے انکت کو مقامی طبی مرکز منتقل کردیا۔