کویت اردو نیوز : جنوبی افریقہ نے غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی پر اسرائیل کے خلاف عالمی عدالت انصاف (آئی سی جے) سے رجوع کیا ہے۔
انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس کی جانب سے ایکس پر جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوبی افریقہ نے اسرائیل پر اقوام متحدہ کے نسل کشی کنونشن کی خلاف ورزی کا الزام لگایا ہے۔
جنوبی افریقہ نے عالمی عدالت انصاف سے اسرائیل کے خلاف مقدمہ چلانے کی درخواست کی ہے۔
جنوبی افریقہ نے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی اقدامات نسل کشی کے ہیں، اسرائیلی فوج غزہ میں جان بوجھ کر فلسطینیوں کو قتل کر رہی ہے اور غزہ کا بڑا حصہ تباہ ہو چکا ہے، اسرائیل کی جانب سے طاقت کا اندھا دھند استعمال ہورہا ہے۔ اس کامقصد فلسطینیوں کی جبری بے دخلی ہے۔
جنوبی افریقہ نے غزہ میں فلسطینیوں کی حالت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل کے خلاف نسل کشی کا مقدمہ چلانے اور مزید کارروائیوں سے باز رہنے کی درخواست کی ہے۔
جنوبی افریقہ کا کہنا ہے کہ غزہ میں اسرائیل کی جانب سے انسانیت کے خلاف جرائم کی مسلسل اطلاعات آرہی ہیں، اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر تشدد جاری ہے اور امکان ہےکہ ابھی اسرائیلی جرائم میں مزیداضافہ ہوگا۔
واضح رہے کہ غزہ پر اسرائیلی حملے جاری ہیں اور 24 گھنٹوں میں مزید 187 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ پر جاری اسرائیلی حملوں میں اب تک 21 ہزار 507 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔
7 اکتوبر سے اب تک 55 ہزار 915 فلسطینی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ اسرائیلی حملوں سے غزہ میں صحت کی سہولیات کو شدید نقصان پہنچا ہے جس کی وجہ سے زخمیوں کے علاج میں مشکلات کا سامنا ہے۔
جنوبی افریقہ نے پہلے ہی غزہ پر جارحیت جاری رکھنے پر اسرائیل سے اپنے سفارتی عملے کو واپس بلا لیا ہے۔
حال ہی میں جنوبی افریقہ کے وزیر خارجہ نے بھی غزہ میں جاری وحشیانہ کارروائیوں پر اسرائیلی وزیراعظم کی گرفتاری کا مطالبہ کیا تھا۔