کویت اردو نیوز : جاپان میں 7.4 شدت کے زلزلے نے سب کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ، جس سے سونامی کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے، تاہم فوری طور پر جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی نے جاپانی میڈیا کے حوالے سے بتایا ہے کہ شہریوں کو ساحلی علاقوں سے دور رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
NHK نے رپورٹ کیا ہے کہ ہوکوریکو الیکٹرک پاور نے کہا ہے کہ وہ اپنے جوہری پاور پلانٹس میں کسی بھی ممکنہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کر رہی ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق جنوبی کوریا کے محکمہ موسمیات نے کہا کہ جاپان میں آنے والے زلزلے کے بعد کوریا کے مشرقی ساحل پر واقع صوبے گینگون کے کچھ علاقوں میں سطح سمندر میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
جاپان میں شدید زلزلے کے بعد سوشل میڈیا پر ویڈیوز آنا شروع ہو گئی ہیں۔ جس میں زلزلے کی وجہ سے عمارتیں بری طرح ہلتی دیکھی جا سکتی ہیں۔
اے ایف پی کے مطابق مارچ 2011 میں شمال مشرقی جاپان کے قریب زیر سمندر زلزلے سے سونامی آئی تھی، اس وقت تقریباً 18,500 افراد ہلاک یا لاپتہ ہو گئے تھے۔
سونامی نے فوکوشیما جوہری پلانٹ کے تین ری ایکٹر بھی تباہ کر دیےتھے ، یہ جاپان کی جنگ کے بعد کی بدترین تباہی اور چرنوبل کے بعد سب سے مہلک ایٹمی حادثہ تھا ۔