کویت اردو نیوز : اسرائیلی بمباری کے باعث رفح کے علاقے میں ایک اسکول میں پناہ لینے پر مجبور ہونے والے خاندانوں نے وطن واپسی کی امید ترک کرکے وہیں شادی کرلی۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی جارحیت اور انسانیت سوز مظالم کے باعث غزہ میں انسانی المیہ پیدا ہوا ہے۔ لاکھوں لوگ اپنی جان بچانے کے لیے اپنا گھر بار اور کاروبار چھوڑ کر مہاجر کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔
7 اکتوبر سے جاری وحشیانہ بمباری میں لاکھوں لوگوں کے گھر مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔
ان پناہ گزین کیمپوں میں جہاں دل کو تکلیف دینے والے مناظر دیکھنے کو مل رہے ہیں وہیں امید کی نئی کرنیں بھی جنم لے رہی ہیں۔
محمد اور یاسمین کی شادی رفح کے اسکول میں بنائے گئے پناہ گزین کیمپ میں خاندان نے سادگی سے انجام دی ۔ مہمانوں نے اسکول کے بلیک بورڈ پر نئی زندگی شروع کرنے والے جوڑے کے لیے پیغامات لکھے۔
جوڑے کے مطابق انہوں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ ان حالات میں شادی ہو جائے گی لیکن وہ خوش ہیں کہ وہ ایک ہو رہے ہیں۔ جوڑے کا کہنا ہے کہ ہماری شادی یہاں اداس چہروں پر مسکراہٹ لے آئی ہے ۔