کویت اردو نیوز : ایک اندازے کے مطابق دنیا بھر میں روزانہ 3 ارب کپ سے زیادہ چائے پی جاتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ چائے دنیا کے مقبول ترین مشروبات میں سے ایک ہے اور اسے صدیوں سے پیا جا رہا ہے۔
چائے میں کئی غذائی اجزاء ہوتے ہیں جن میں کیفین، فلورائیڈ ، فلیونولز شامل ہیں جو صحت کیلیے فوائد فراہم کرتے ہیں۔ لیکن دودھ کے بغیر چائے یا کالی چائے پینے سے صحت کوفائدہ ہوتاہےیا نہیں؟
کالی چائے پینا فائدہ مند ہے، دیگر اقسام کی طرح دودھ کے بغیر چائے پینا جسم کو اضافی اینٹی آکسیڈنٹ فراہم کرتا ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق چائے میں پولی فینول نامی مرکبات ہوتے ہیں جو اینٹی آکسیڈنٹ خصوصیات سے لیس ہوتے ہیں۔
تحقیقی رپورٹس میں دریافت کیا گیا ہے کہ چائے میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس مختلف بیماریوں جیسے دل کی شریانوں کی بیماری اور ذیابیطس سے بچنے میں مدد دیتے ہیں۔
اس کے ساتھ یہ اینٹی آکسیڈنٹس عمر بڑھنے کے ساتھ آنے والے جسمانی بگاڑ سے بھی تحفظ فراہم کرتے ہیں۔
ایک تحقیق میں بتایا گیا کہ کالی چائے پینے سے کسی بھی وجہ سے قبل از وقت موت کا خطرہ کم ہوجاتا ہے۔
چائے میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس خلیات کو جسم میں گردش کرنے والے نقصان دہ مادوں کے اثرات سے بچاتے ہیں جس سے مختلف بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے۔
چائے میں موجود اجزاء ہاضمہ کے لیے بھی فائدہ مند ہوتے ہیں۔ کچھ تحقیقی رپورٹس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کالی چائے پینے کی عادت بعض اقسام کے کینسر سے بھی تحفظ فراہم کر سکتی ہے۔
اس بات کے شواہد بھی موجود ہیں کہ اس چائے کو پینے سے کھانے کے بعد بلڈ شوگر کی سطح میں کمی آتی ہے۔
کالی چائے میں تھینائن نامی مرکب بھی ہوتا ہے جو ذہنی تناؤ کو کم کرتا ہے جبکہ موڈ پر مثبت اثر ڈالتا ہے۔
مختلف تحقیقی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ کالی چائے پینے سے غیر صحت بخش کولیسٹرول کی سطح بھی کم ہوتی ہے جو کہ امراض قلب سے بچنے میں مدد دیتی ہے۔
کالی چائے میں کافی سے کم کیفین ہوتی ہے اور ایک کپ میں 47 ملی گرام کیفین ہوتی ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ روزانہ 300 ملی گرام سے زیادہ کیفین کےاستعمال سےگریزکرناچاہیے۔
کیفین کا زیادہ استعمال سر درد، بے چینی، چڑچڑاپن،بے خوابی، دل کی دھڑکن میں اضافہ اور پٹھوں میں درد جیسے مسائل کا سبب بن سکتا ہے۔
کچھ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ روزانہ 2 سے 4 کپ چائے پینا محفوظ ہے، جب کہ دیگر نے دعویٰ کیا ہے کہ روزانہ 10 کپ چائے پینا صحت کے لیے نقصان دہ نہیں ہے۔
تاہم طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ روزانہ 3 سے 5 کپ چائے پینا زیادہ تر لوگوں کے لیے محفوظ ہے۔اس سے زیادہ استعمال منفی اثرات کا باعث بن سکتا ہے۔