کویت اردو نیوز : کینسر دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والی بیماری ہے جس سے ہر سال لاکھوں اموات ہوتی ہیں۔
کینسر کی کئی اقسام ہیں جن میں سے 6 کو سب سے زیادہ مہلک سمجھا جاتا ہے۔
پھیپھڑوں، غذائی نالی،جگر، دماغ، لبلبہ اور پیٹ کے کینسر کو سب سے زیادہ مہلک سمجھا جاتا ہے۔
لیکن اس قسم کے کینسر میں مبتلا زیادہ تر لوگوں کو اس بیماری کا علم بہت دیر سے ہوتا ہے کیونکہ وہ اس بیماری کی علامات کو نظر انداز کر دیتے ہیں۔
کینسر کی عام علامات جنہیں اکثر لوگ نظر انداز کرتے ہیں۔
کچھ عرصہ قبل، Less Survivable Cancers Taskforce کی ایک تحقیق میں کہا گیا تھا کہ کینسر کی جان لیوا اقسام کی علامات کو نظر انداز کرنے کے نتائج تباہ کن ہو سکتے ہیں۔
اس تحقیق میں 2,000 افراد کا سروے کیا گیا اور معلوم ہوا کہ صرف ایک فیصد جگر کے کینسر کی علامات کی نشاندہی کرنے میں کامیاب رہے جبکہ 2 سے 3 فیصد کے درمیان غذائی نالی اور معدے کے کینسر کی علامات کی نشاندہی کی گئی۔
محققین کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی تشویشناک ہے کہ زیادہ تر لوگ کینسر کی عام علامات سے آگاہ نہیں ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیماری کی جلد تشخیص سے علاج کے امکانات بڑھ جاتے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ لوگ بیماری کی علامات کو جانیں اور اپنے جسم میں ہونے والی تبدیلیوں پر نظر رکھنے کے قابل ہوں، چاہے علامات غیر متعلق ہی کیوں نہ ہوں۔ ہاں، ڈاکٹر سے مشورہ کرنا بہتر ہے۔
آسان عادات جو کینسر جیسے موذی مرض سے بچنے میں مدد کرتی ہیں۔
تحقیق میں کینسر کی 6 اقسام سے متاثرہ افراد میں ظاہر ہونے والی علامات بھی بتائی گئیں۔
دماغ
دماغی کینسر کی علامات میں بصارت اور بولنے کے مسائل، سر درد، قے،دورے، متلی، ذہنی اور طرز عمل میں تبدیلیاں شامل ہیں۔
جگر
غیر متوقع وزن میں کمی، بھوک میں کمی، بیمار محسوس ہونا،جلد پر خارش، پیٹ میں درد یا سوجن، یرقان، تھکاوٹ، بخار، قے میں خون ، اسی طرح کی علامات عام ہیں۔
پھیپھڑے
پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا افراد میں مسلسل کھانسی، سینے میں درد،کھانسی میں خون، وزن میں غیر متوقع کمی، سانس کی قلت، بھوک میں کمی،تھکاوٹ اور کمزوری جیسی علامات پائی جاتی ہیں۔
غذائی نالی
کھانا نگلنے میں دشواری، بھوک میں کمی،بدہضمی یا سینے میں جلن، الٹی، پیٹ، سینے یا کمر میں درد، مسلسل کھانسی، تھکاوٹ اور سانس کی قلت غذائی نالی کے کینسر کی نمایاں علامات ہیں۔
لبلبہ
اس قسم کے کینسر میں مبتلا افراد کی علامات میں کمر یا پیٹ میں درد، وزن میں غیر متوقع کمی، بھوک میں کمی،جلد کا پیلا ہونا، یرقان، بدہضمی اور آنتوں کے مسائل شامل ہیں۔
پیٹ
مسلسل بدہضمی، سینے میں جلن،پیٹ میں درد، اپھارہ یا تھوڑا سا کھانے کے بعد پیٹ بھرنے کا احساس، نگلنے میں دشواری اور وزن میں غیر متوقع کمی اس کینسر کی نمایاں علامات ہیں۔