کویت اردو نیوز : ٹورنٹو ایئرپورٹ پر ایک عجیب واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک مسافر نے ایئر کینیڈا کی پرواز کے کیبن کے دروازے سے چھلانگ لگا دی۔
نیویارک پوسٹ کے مطابق 8 جنوری کو ٹورنٹو پیئرسن انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک نامعلوم مسافر سیٹ لینے کے بجائے صرف کیبن کے دروازے سے کودنے کے لیے سوار ہوا۔
مسافر دبئی جانے والی پرواز کے ٹیک آف سے قبل معمول کے مطابق بوئنگ 747 میں سوار ہوا تاہم اس نے سیٹ نہیں سنبھالی اور پھر کیبن کے دروازے سے چھلانگ لگا دی۔
مسافر کیبن کے دروازے سے چھلانگ لگانے کے بعد زخمی ہو گیا۔
ایئر لائن کے حکام نے گلوبل نیوز کو بتایا کہ اس واقعے کے بعد پیل ریجنل پولیس سمیت دیگر ایمرجنسی سروسز کو بلایا گیا۔
ایئر کینیڈا کی ویب سائٹ کے مطابق اس واقعے کے بعد بوئنگ 747 کی روانگی میں چھ گھنٹے کی تاخیر ہوئی۔ اس دوران عملہ چھلانگ لگانے والے مسافر کے پاس گیا اور معاملے کی تحقیقات کی۔
واقعے کے بعد ابھی تک یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ چھلانگ لگانے والا مسافر کتنا زخمی ہوا ہے اور اسے گرفتار کیا گیا ہے یا نہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل ایئر کینیڈا کی ایک اور پرواز میں 16 سالہ مسافر کا اہل خانہ سے جھگڑا ہوا تھا جس کے باعث پرواز کو تین گھنٹے تک ایئرپورٹ پر روک دیا گیا تھا۔