کویت اردو نیوز : نئی دہلی میں تاخیر سے ہونیوالی انڈیگو کی پرواز کے کو پائلٹ پر ایک مسافر کے حملے کی کلپ وائرل ہونے کے چند گھنٹے بعد، ایک اور ویڈیو سوشل میڈیا پر منظر عام پر آئی جس میں اسی ایئر لائن کے مسافر رن وے پر رات کا کھانا کھاتے ہوئے نظر آئے۔
ایکس پر کئی صارفین نے دعویٰ کیا کہ 14 جنوری کو گوا سے دہلی جانے والی انڈیگو کی پرواز تقریباً 18 گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی اور بعد میں اسے ممبئی کی طرف موڑ دیا گیا۔
تاخیر سے مایوس ہو کر، فلائٹ 6E2195 کے مسافروں نے آرام کرنے اور رات کا کھانا کھانے کے لیے انڈیگو کے طیارے کے ساتھ ہی رن وے پر رہنے کا فیصلہ کیا۔
ایکس پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں کچھ مسافروں کو رن وے پر کھانا کھاتے اور کچھ کو آرام کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
یہ پرواز 14 جنوری (اتوار) کو صبح 9:15 بجے دہلی سے روانہ ہونا تھی، لیکن شام کو ٹیک آف ہوئی اور 15 جنوری (پیر) کو صبح 5:12 بجے ممبئی پہنچی۔
بعد ازاں، ایئر لائنز نے اس حوالے سے کہا، ‘ہم زحمت کے لیے معذرت خواہ ہیں اور آپ کو یقین دلاتے ہیں کہ ہمارا مقصد کبھی بھی مسافروں کے سفری منصوبوں میں خلل ڈالنا نہیں تھا، تاہم بعض اوقات بعض آپریشنل وجوہات کی بنا پر ایسی تاخیر ہوتی ہےجو ایئر لائن کے کنٹرول سے باہر ہے.’
ایک اور ویڈیو میں مسافروں کو زمینی عملے سے تاخیر پر بحث کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
چھترپتی شیواجی مہاراج بین الاقوامی ہوائی اڈے، جہاں یہ واقعہ پیش آیا، نے ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ پرواز میں تاخیر "موسم کی خراب صورتحال” کی وجہ سے ہوئی۔
گوا میں فلائٹ پہلے ہی کافی تاخیر کا شکار تھی، اس لیے سیڑھی لگتے ہی مسافر مشتعل ہو گئے اور جہاز سے باہر نکل گئے۔ مسافروں کو ایئرلائن حکام اور سیکیورٹی کی جانب سے مزید کارروائی تک کڑی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔