کویت اردو نیوز : سعودی عرب میں سرحدی محافظوں نے شہریوں اور رہائشیوں کو خبردار کر دیا۔
سعودی عرب میں بارڈر گارڈز کے محکمے نے خبردار کیا ہے کہ مقامی شہری اور مقیم غیر ملکی محدود سرحدی علاقے کے قریب نہ جائیں۔ ورنہ خلاف ورزی کی سزا قید اور جرمانہ ہے۔
اخبار 24 کے مطابق بیان میں کہا گیا ہے کہ سرحدی علاقوں کے قریب جانا ممنوع ہے۔ کچھ سعودی شہری یا رہائشی غیر ملکی جنگلات کا دورہ کرتے ہوئے یا ٹرفل مشروم کی تلاش میں محدود سرحدی علاقے میں داخل ہوتے ہیں ، اس سے بچنا چاہیے۔
محکمہ کا کہنا ہے کہ ممنوعہ سرحدی علاقے میں 20 کلو میٹر کی حد سے آگے جانے والے کو 30 ماہ تک قید یا 25 ہزار ریال تک جرمانے کی سزا دی جائے گی۔ دونوں سزائیں بیک وقت دی جا سکتی ہیں۔
اس سے قبل سعودی عرب کے علاقے جازان میں سرحدی محافظوں نے 425 کلوگرام قات (منشیات پلانٹ) اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔
سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق سرحدی محافظوں نے جازان کے الاردہ سیکٹر میں 225 کلو گرام قات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔