کویت اردو نیوز : سعودی عرب کے علاقے خیبر میں ایک طویل ترین غار دریافت ہوا ہے۔ اس تازہ ترین دریافت سے ملک میں تاریخی مقامات کی سیاحت کو غیر معمولی اور زبردست فروغ ملنے کا امکان ہے۔
دی سعودی جیولوجیکل سروے کے ترجمان طارق ابا الخٰل نے یہ بتایا ہے کہ 5 کلو میٹر طویل ترین اس غار کو سیاحوں کے لیے کھولنے سے قبل اس کا تکنیکی طور پر مکمل مطالعہ کیا جائے گا۔
یہ غار مدینہ المنورہ کے شمال مشرق میں ”خیبر سی“ نامی علاقے میں واقع ہے۔ ”ابوالوعول“ میں بہت سے اعلیٰ نسل کے بکروں کے ڈھانچے بھی دریافت ہوئے ہیں۔ اس سے علاقے کی فطری اور قدیم تاریخ کو سمجھنے میں بھی مدد فراہم ہو گی۔
نیا دریافت ہونے والا غار سعودی جیولوجیکل سروے میں محکمہ جیو ٹورزم کے تحت جیو پارک پروجیکٹس کا ایک اہم اثاثہ ثابت ہو جائے گا۔ سعودی جیولوجیکل سروے کا یہ بھی کہنا ہے کہ سیاحوں کے علاوہ یہ علاقہ ارضیات کے محقیقین اور ماہرین کی توجہ کا بھی مرکز رہے گا۔