کویت اردو نیوز : امریکی خلائی تحقیقی ادارے ناسا نے کہا ہے کہ ہبل دوربین نے نظام شمسی سے باہر ایک ایسے سیارے کا پتہ لگایا ہے جس پر پانی بھی ہے۔
ناسا کے ایک بیان کے مطابق GJ 9827d زمین کے قطر سے دوگنا ہے۔ یہ سب سے چھوٹا سیارہ ہے جس کی فضا میں پانی کے ذرات ہیں۔
ناسا کے ماہرین نے کہا ہے کہ اس سیارے کا درجہ حرارت 400 ڈگری سینٹی گریڈ ہے۔ میکس پلانک انسٹی ٹیوٹ برائے فلکیات کی ماہر لارا کریڈبرگ کا کہنا ہے کہ غیر معمولی درجہ حرارت کے باوجود، نئے سیارے نے اپنی خصوصیات کی بنیاد پر توجہ مبذول کرائی ہے۔
لارا کریڈبرگ کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس سیارے کے ذریعے سائنسدانوں کو زمین جیسے سیاروں کے قریب جانے کا موقع ملا ہے اور زندگی کی تلاش کسی نتیجے پر پہنچ سکتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سیارے کی دریافت نے متعلقہ شعبے میں تحقیق کرنے والوں کی حوصلہ افزائی کی ہے۔ نظام شمسی سے باہر زندگی کی تلاش کے لیے ان کی کوششیں تیز ہو جائیں گی۔