کویت اردو نیوز : مسجد نبوی کی انتظامیہ نے جدید ترین ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے ریاض الجنہ کی زیارت کے لیے آنے والوں کے اجازت ناموں کی جانچ شروع کردی ہے۔
انتظامیہ نے مسجد نبوی الشریف میں ‘ریاض الجنہ’ کی زیارت کے حوالے سے نیا طریقہ کار متعارف کرایا ہے۔
اجازت نامہ حاصل کرنے کے لیے مختلف زبانیں فراہم کی جاتی ہیں۔ جب نسک پورٹل کے ذریعے بکنگ کی جاتی ہے تو تاریخ اور وقت کی معلومات انہیں SMS کے ذریعے بھیجی جاتی ہے۔
انتظامیہ نے نشاندہی کی ہے کہ ریاض الجنۃ کے عازمین کو سفر کے آغاز سے 24 گھنٹے قبل ایس ایم ایس کے ذریعے یاد دہانی کرائی جائے گی اور بکنگ کی تصدیق یا منسوخی کا موقع دیا جائے گا۔ زیارت بارکوڈ مقررہ وقت سے پہلے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ جیسے ہی زائر مسجد نبوی کے صحن میں داخل ہوتا ہے، عازمین کو گائیڈ اسکرینز کے ذریعے زیارت کے لیے مختص مقامات کے بارے میں آگاہ کیا جاتا ہے۔
زائرین کو ریاض الجنہ پہنچنے سے پہلے خودکار نظام کے ذریعے چلنے والے دروازوں پر بار کوڈ اسکین کرنا ہوتا ہے۔
وہاں سے اسے ویٹنگ زون میں بھیجا جائے گا اور بعد میں ایک گروپ کی صورت میں اسے ریاض الجنہ جانے کا موقع ملے گا۔
مسجد نبوی کی انتظامیہ نے ریاض الجنہ کی زیارت کے لیے آنے والے معذور افراد کے لیے ایک خصوصی ٹریک بھی مختص کیا ہے۔