کویت اردو نیوز: مکہ مکرمہ میونسپلٹی کے ترجمان اسامہ زیتونی نے کہا ہے کہ عازمین حج کی رہائش کے لیے 4 ہزار پرمٹ جاری کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
عاجل نیوز کے مطابق بلدیہ کے ترجمان کا مکہ مکرمہ میں عازمین کی رہائش کے حوالے سے کہنا ہے کہ حجاج کرام کی رہائش کے لیے جن عمارتوں کی منظوری دی جائے گی ان میں کمروں کی کل تعداد 5 لاکھ ہوگی جن میں 20 لاکھ عازمین حج کے دوران قیام کریں گے۔
الاخباریہ ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ پچھلے سال کے مقابلے اس سال کمروں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ اب تک جن عمارتوں کو پرمٹ جاری کیے گئے ہیں ان کی تعداد ڈیڑھ لاکھ کےقریب ہے۔ مزید عمارتوں کی چیکنگ کا عمل جاری ہے جو اس ماہ کے آخر تک مکمل کر لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ مکہ مکرمہ میں عازمین حج کےلیے حاصل کی گئی رہائشی عمارتوں کےلیے سالانہ بنیادوں پر پرمٹ جاری کیے جاتے ہیں۔
ان عمارتوں کےلیے اجازت نامے جاری نہیں کیے جاتے جو مقررہ معیارات کے مطابق نہیں ہیں۔ پرمٹ کے اجراء کے لیے، میونسپلٹی اور شہری دفاع کی طرف سے مقرر کردہ ضروریات کو پورا کرنا ضروری ہے۔