کویت اردو نیوز : (پاکستان) سیف سٹیز اتھارٹی نے بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کو ٹریس کرنے کے لیے سافٹ ویئر تیار کر لیا۔
پنجاب میں بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کو پکڑنے کے لیے مصنوعی ذہانت کا استعمال کرتے ہوئے، سیف سٹیز اتھارٹی نے بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کو ٹریک کرنے کے لیے اپنی نوعیت کا پہلا سافٹ ویئر تیار کیا ہے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کا کہنا ہے کہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے سی سی ٹی وی کیمرے سافٹ ویئر کی مدد سے بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانے والوں کی نشاندہی کریں گے، پنجاب پولیس مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنائے گی۔
اس حوالے سے سیف سٹیز اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بغیر ہیلمٹ کے موٹر سائیکل سوار جو سافٹ ویئر کے ذریعے ٹریس کیے جائیں گے ان پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ مصنوعی ذہانت پر مبنی سافٹ ویئر ایس ایس پی رفعت بخاری نے ایم ڈی سیف سٹیز احسن یونس کی سربراہی میں تیار کیا۔ جس کے استعمال سے شہری ٹریفک قوانین پر مزید سنجیدگی سے عمل درآمد کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ لاہور ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر 2 ہزار روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔ شہری حادثات اور بھاری جرمانوں سے بچنے کے لیے ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں۔