کویت اردو نیوز : سعودی وزارت سیاحت نے کہا ہے کہ مکہ مکرمہ میں سیل کیے گئے چار ہوٹلوں کو بغیر اجازت کے دوبارہ کھولنے پر دو بار سزا دی جائے گی۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت سیاحت کے تفتیشی انسپکٹرز نے مکہ مکرمہ میں پندرہ ہزار سے زائد ہوٹلوں کا دورہ کیا۔
اس دوران 283 ہوٹلوں کو سیل کیا گیا۔ 299 ہوٹل بغیر اجازت کے کاروبار کر رہے تھے۔
وزارت سیاحت کے مطابق ‘تحقیقاتی عمل کے دوران ایسے چار ہوٹل ریکارڈ پر آئے جنہیں متعدد خلاف ورزیوں کی بنیاد پر سیل کر دیا گیا اور انہوں نے بغیر اجازت کے دوبارہ کاروبار کرنا شروع کر دیا۔’
سیاحت کے قانون کے تحت ان ہوٹلوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور دہری سزا دی جائے گی۔
ہوٹل پرمٹ کے اجراء پر عمل نہ کرنے والوں کے خلاف کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہیں سیاحت کے قانون کے تحت سزا دی جائے گی۔
وزارت سیاحت کے مطابق آئندہ چند روز میں سیل کیے گئے تمام ہوٹلوں کی چھان بین کی جائے گی تاکہ جاری کردہ سزا پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔
وزارت کا کہنا ہے کہ ‘تحقیقاتی کمیٹی جس بھی ہوٹل کو سیل کرنے کا فیصلہ کرے گی، اس پر فوری عمل درآمد کیا جائے گا’۔
یہ کام مکہ مکرمہ گورنریٹ اور مکہ پولیس کے تعاون سے کیا جائے گا۔